پاکستانی ورکرز ہمارا سرمایہ ہیں، اوران کی بدولت سعودی عرب اور پاکستان کے مابین بہتر تعلقات استوار ہوتے آئے ہیں۔ نائب سفیر سردار خان خٹک

الریاض ۔ یوم پاکستان کی تقریبات کا سلسلہ تاحال جاری ہے اسی مناسبت سے ریاض میٹرو پروجیکٹ کے ملازمین کی جانب سے تمامہ روڈ پر واقعہ کیمپ میں یوم پاکستان کی تقریب منعقد ہوئی اس پروقار اور رنگارنگ تقریب میں نائب سفیر سردار خان خٹک، ویلفئیر اتاشی عبدالشکور شیخ، پی آئی اے کے کنٹری مینجر شیخ ارشد، ریاض میٹرو پروجیکٹ کے اعلی افسران اور ڈھائی ہزار سے زائد پاکستانی ورکرز نے بھرپور شرکت کی اور پاکستان سے محبت کے گیت گائے، اس موقعہ پر ملازمین کی جانب سے پاکستان کے علاقائی دھنوں پر خوب رقص بھی پیش کیا گیا جو کے اس بات کی دلیل تھا کہ دیار غیر ہو یا ملک کے اندر ہم سب پاکستانی ایک ہیں اور ہمارا مشن پاکستان کی ترقی ہے، جیوئے جیوئے پاکستان کے فلک شگاف نعرے پردیس میں دیس کی یاد تازہ کر رہے تھے، ملازمین کو پرجوش دیکھتے ہوئے سفارت خانہ پاکستان کے نائب سفیر سردار خان خٹک کا کہنا تھا کہ وہ ورکرز کے درمیان آکر بہت خوش ہوئے ہیں، اور جس طرح آپ لوگوں نے یوم پاکستان کی تقریب کو سجایا ہے وہ یقینی طور پر قابل دید ہے، سردار خٹک کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ورکرز ہمارا سرمایہ ہیں، ان کی بدولت سعودی عرب اور پاکستان کے مابین بہتر تعلقات استوار ہوتے آئے ہیں، کیونکہ سعودی عرب کی تعمیر وترقی میں پاکستانی ہنرمندوں اور ورکرز کا سب سے نمایاں کردار رہا ہے،اور موجودہ دور میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مزید تعلقات کو مظبوط بنایا گیا ہے، پاکستان اور سعودی عرب ملکر کام کر رہے ہیں، ویلفئیر اتاشی عبدالشکور شیخ کا کہنا تھا کہ ہم جب بھی سعودی عرب کی سڑکوں پر سفر کرتے ہیں اور بلند بانگ عمارتیں دیکھتے ہیں تو ہمیں لازمی احساس ہوتا ہے کہ اس ترقی میں ہمارے پاکستانی مزدور بھائیوں کا خون پسینہ بھی شامل ہے، پاکستانی ورکرز کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کیے جاتے ہیں اور سفارت خانہ پاکستان کے دروازے آپ لوگوں کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں، تقریب میں پی آئی اے کی جانب سے ریاض میٹرو کے ملازمین میں سے سب سے عمررسیدہ اور کم عمر دو، افراد کو جہاز کا ریٹرن ٹکٹ بھی دیا گیا، اختتام پر یوم پاکستان کا کیک بھی کاٹا گیا۔

Facebook Comments