وزیراعظم سے اردن کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کی ملاقات ،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(سرزمین نیوز) اردن کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمود اے فریحت نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی ہے جس دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل محمود اے فریحت اور شاہد خاقان عباسی کے درمیان ملاقات اسلام آباد میں ہوئی ،شاہد خاقان عباسی نے ان سے ملاقات کے دوران اردن کے بادشاہ عبداللہ دوئم کے بارے میں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں اردن کی عوام نے زندگی کے مختلف شعبوں میں قابل تعریف ترقی کی ہے ۔وزیراعظم کا کہناتھا کہ پاکستان اور اردن کے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر خیالات ایک جیسے ہیں ۔وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان اور اردن دونوں امن اور استحکام میں ایک مشترکہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ان کا کہناتھا کہ پاکستان اردن کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتاہے اور تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش رکھتاہے ۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل محمود اے فریحت نے وزیراعظم کا انتہائی زبردست استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہا ر کیا ۔ملاقات میں خرم دستگیر ،پاکستان میں اردن کے سفیر نواف خلیفہ سمیت دیگر سینئر حکومتی عہدیداروں نے بھی شرکت کی ۔

Facebook Comments