پاکستان کے مالک چند لوگ نہیں بلکہ 20کروڑ عوام ہیں ،اب تبدیلی کا وقت آگیا ،ہم انقلاب لے کر آئیں گے :نواز شریف

مرید کے (سرزمین نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان 20کروڑ عوام ہی اس کے اصل مالک ہیں ،عوام تیار رہے جب بھی نواز شریف کا پیغام ملے تو میرے قدم کے ساتھ قدم ملا کر چلنا ہے،چند لوگ پاکستان کے مالک نہیں ہو سکتے ،حقیقی عدالت عوام کی ہے جہاں فتح عوام کی ہو ئی ہے اور ان لوگوں کی شکست ہوئی ہے جنہوں نے ملک کو یرغمال بنا یا ہوا تھا ،اب تبدیلی کا وقت آگیا ہے اور ہم انقلاب لے کر آئیں گے۔انہوں نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے نواز شریف کو وزیر اعظم بنا کر اسلام آباد بھیجا تھا لیکن نکال کسی اور نے دیا ۔
مرید کے میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف نے کرپشن کی ہوتی تو آپ کان سے پکڑ کر باہر نکال دیتے اور میری آنکھ شرم سے اٹھ نہ سکتی ۔انہو ں نے کہا کہ کیا باپ بھی بیٹوں سے تنخواہ لیتا ہے اور اگر لے بھی لے تو کیا حرج ہے ؟اس بات پر کیا وزیر اعظم کو نکال دیتے ہیں؟۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 70سالوں سے پاکستان کے ساتھ یہ مذاق ہو رہا ہے ،پاکستان کے علاوہ دنیا کے کسی ملک میں یہ مذاق اور تماشا نہیں ہو رہا ۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے پاکستان دنیا میں رسوا ہو رہا ہے اور یہ فیصلہ ہمارے ملک کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے،پاکستان سمیت دنیا بھر کے لوگ اس فیصلے کو مسترد کر رہے ہیں ۔نواز شریف نے کہا کہ اب اس ملک کو بدلنا ہو گا ،پاکستان میں انقلاب آنا چاہیے ،میں عوام کے ووٹوں کا احترام کراﺅں گا ۔اس موقع پر انہوں نے کارکنان سے وعدہ لیتے ہوئے کہا کہ جب نواز شریف کا پیغام آپ تک پہنچے گا تو کیا میرا ساتھ دو گے ،جب پیغام آئے گا تو میرے قدم کے ساتھ قدم ملا کر چلو گے ؟۔نواز شریف نے مزید کہا کہ میں پاکستان کے لیے دن رات کا م کر رہا تھا ،سڑکوں کا جال بچھا رہا تھا ،موٹر وے بن رہی تھی ،بلوچستان میں ترقی ہو رہی تھی لیکن مجھے نکال دیا گیا ۔

Facebook Comments