پاکستان میں موجودہ مسائل کو باہمی افہام و تفہیم سے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ بیرسٹر امجد ملک

ان خیالات کا اظہار اوورسیز پاکستانیز فاﺅنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے گزشتہ روز اپنے اعزاز میں دئیے گئے ایک عشائیہ کے دوران کیا۔ بیرسٹر امجد کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام عبدالرحمن بنگش نے کیا تھا جس میں مسلم لیگ ن مڈل ایسٹ کے صدر اور ممبر بورڈ آف گورنرز او پی ایف چودھری نور الحسن تنویر، محمد یونس پراچہ، فرزانہ کوثر، خواجہ عبدالوحید پال، طاہر بھنڈر، توقیر بھنڈر، چودھری عبدالواحد اور عبداللہ خان نے شرکت کی۔ اس موقع پر زیادہ تر اوورسیز پاکستانیز کے مسائل پر ہی گفت و شنید ہوئی اور کہا گیا کہ بہت سے مسائل ہم مل جل کر اجتماعی اور انفرادی سطح پر ہی حل کرسکتے ہیں تاہم کچھ مسائل ایسے ضرور ہیں جن کے حل کیلئے حکومتی کردار شامل ہوتا ہے۔ حکومت کے پاس اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کے لئے اتنے وسائل نہیں ہیں پھر بھی او پی ایف اور او پی سی کے ذریعے بیرون ملک مقیم بہت سے پاکستانیوں کے مسائل کو حل کیا جارہا ہے۔
چودھری نور الحسن تنویر نے کہا کہ پی ایم ایل این کی حکومت نے اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کے لئے او پی ایف اور او پی سی کو متحد کررکھا ہے یہ دونوں ادارے پوری تندہی سے اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاہم عوام الناس کو چاہیے کہ وہ مقامی سطح پر اپنے مسائل اجتماعی اور افرادی سطح پر بھی حل کرنے کی کوشش کریں جس سے مسائل میں واضح کمی نظر آئے گی۔

Facebook Comments