منی لانڈرنگ نوٹس؛ چیئرمین نیب کو پارلیمنٹ طلب کرکے تفتیش کی جائے، وزیراعظم

اسلام آباد(سرزمین نیوز) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف پر دشمن ملک پر پیسہ بھیجنے کا الزام سنجیدہ معاملہ ہے اس لئے ایوان چیئرمین نیب کو طلب کرے اور ان سے پوچھ گچھ کرے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نیب کرپشن کے خلاف اپنا کردار ادا کرے اور انصاف کے تقاضے پورے کرے، نوازشریف پربھی نیب کی عدالتوں میں کیسز چل رہے ہیں، ان کی ہفتے میں چھ پیشیاں ہورہی ہیں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ نیب کی عدالتوں سے ہمیں انصاف ملتا نظر نہیں آرہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ چیئرمین نیب کا نام انہوں نے اور قائد حزب اختلاف نے باہمی مشاورت سے تجویز کیا تھا، ملک کا بجٹ 35 ارب ڈالر ہے، جب کوئی ادارہ یا اس کا سربراہ ایسی بات کرے کہ نیب سربراہ کہتے ہیں نوازشریف نے 4 اعشاریہ 9 ارب ڈالرز بھارت بھیجے، نیب نے ملک کے سابق وزیراعظم پرسنگین الزام لگایا، اگر ادارے یا اس کے سربراہ اس قسم کے کام کریں تو ملک نہیں چل سکے گا، اس قسم کی سوچ رکھنے والے ادارے اور چیئرمین ہوں گے تو نیب کیسے چلے گا۔

Facebook Comments