پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن الریاض میں نئی مینجمنٹ کونسل کی اساتذہ سےتعارفی تقریب

الریاض ۔ پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن ریاض میں نئی اسکول مینجمنٹ کونسل کی اساتذہ سے تعارفی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس کے مہمانِ خصوصی عزت ماب سفیر پاکستان جناب خان ہشام بن صدیق اور مہمانِ گرامی ڈپٹی ہیڈ آف مشن و اسکول ہذا کے رابطہ افسر جناب سردار محمد خٹک تھے۔ اسکول مینجمنٹ کونسل کے چیئرمین کیپٹن عامر محمود ، وائس چیئرمین اشفاق علی شاہ بخاری اور جنرل سیکرٹری محمدزرین منتخب کیے گئے۔ ممبران میں نجیب محمد ناصر، ڈاکٹر شازیہ حارث، عامر آفریدی، شاہد زیدی، مطلوب حسین اور سعد منیر شامل ہیں ۔ 9 رکنی کونسل انتہائی اعلیٰ تعلیم یافتہ ، پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل اور علم دوست شخصیات پر مشتمل ہے۔ سکول پرنسپل محمد تنویر نے کونسل کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم سفیر پاکستان کے مشکور ہیں جو ذاتی دلچسپی سے سعودی گورنمنٹ کی پالیسی کے مطابق جلد از جلد نئی کونسل کاقیام عمل میں لائے۔الحمدللہ اسکول کا شمار مملکت کے بہترین اسکول میں ہوتا ہے ۔ ہمارا مطمع نظر ہمیشہ کوالٹی ایجوکیشن رہا ہے اور ہر سال ہمارے طلباء دنیا بھر میں نمایاں کامیابی حاصل کر کے اسکول اور پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کر رہے ہیں۔ نئی کونسل چونکہ تجربہ کار اور اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد پر مشتمل ہے تو یقیناًً اسکول دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کرے گا۔ اسکول ہمارے لیے ایک امانت ہے اورہم اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ ہمیں اس کی بہتری میں سر خرو کرے۔سکول ارکان نے اپنا مختصر مگر جامع تعارف کراتے ہوئے اسکول کی بہتری کے لیے اپنا نکتۂ نظر پیش کیا۔ سب نے اس پر مسرت کا اظہار کیا کہ ہم پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن کے ساتھ منسلک ہو کر اپنی پاکستانی کمیونٹی کے لیے کچھ کر سکیں۔یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ تعلیم وتعلم کے کار خیر میں ہمیں اپنا حصہ ڈالنے اور پاکبانوں کی خدمت کا موقع ملا ۔ بہتری کی گنجائش ہر جگہ موجود ہوتی ہے۔ اسے محسوس کرنا ہی اصل انسانیت ہے ۔ ہم اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے ہوئے اس میں مزید بہتری پیدا کریں گے ۔ ان شاء اللہ ہم اسکول ہذا کی ترقی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔
تقریب کے آخر میں خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہا کہ ہماری ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ ہمارے اسکول طلباء کی معیاری تعلیم میں بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کریں۔ اس کے لیے سفارت خانہ ہر ممکن سہولیات فراہم کرتا ہے۔ معیار تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے نئی مینجمنٹ کونسل کے ارکان کو خوش آمدید کہا ۔ مزید برآں یہ کہ تمام شخصیات اپنے اپنے شعبے کی ماہر اور مشترکہ طور پر علم پرست ہیں۔ یقیناً یہ اپنے تمام تر مفادت سے بالاتر ہوکر اسکول کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔ امید واثق ہے کہ یہ تعلیم کے لیے وہ ساز گار ماحول مہیا کریں گےجو بین الاقوامی نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کا مظہر ہوگا۔ ہماری تمام تر معاونت آپ کے ساتھ ہے۔سفیر پاکستان نے کہا کہ ہم اسکول کی اپنی عمارت کے لیے کوشاں ہیں۔ جلد ہی اسکول کی اعلیٰ معیارکی تعلیمی عمارت ہو گی۔ وزیر اعظم پاکستان نے بھی پاکستانی اسکولوں کی فلاح کے لیے ایک ملین ریال عنایت کیے ہیں ۔ بہترین تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہم سب کی اولین ترجیح ہے۔ان شاء اللہ ہم اس کے لیے کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھیں گے۔پروگرام کےآخر میں مینجمنٹ کونسل اور سفیر پاکستان نے اساتذہ کے سوالوں کے جوابات دئیے اور اُن کی آرا ء سنی۔

Facebook Comments