مرکزی جمعیت اہلحدیث سعودی عرب کے زیر اہتمام آمد رمضان کے حوالے سے تقریب

الریاض ۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث سعودی عرب کے زیر اہتمام آمد رمضان کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں کیمونٹی ممبران نے شرکت کی اس موقعہ پر جمعیت اہلحدیث پاکستانی سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مسلمان کے دل کے تقویٰ کا طلبگار ہے کیونکہ دل کا ادب ہمیشہ اسے نیک کام کرنے پر آمادہ کرتا ہے۔ وہ مرکزی جمعیت اہلحدیث سعودی عرب کے زیر اہتمام مقامی مطعم میں منعقدہ اجتماع سے فضائل رمضان کے موضوع پر خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مرکزی جمعیت اہلحدیث سعودی عرب کے امیر عبدالمالک مجاہد اور معروف پاکستانی مبلغ محمد یوسف پسروری بھی موجود تھے۔ پروفیسر ساجد میرنے واضح کیا کہ انسان کے حقوق و فرائض باہم چلتے ہیں اور یہ کہ معاشرتی بگاڑ کا سبب یہی ہے کہ ہم اپنے حقوق کیلئے تو جدوجہد کرتے ہیں لیکن فرائض سے غفلت برتتے ہیں۔ رسول ا کرم نے تلقین فرمائی کہ اپنے حق کا مطالبہ فرائض کی ادائیگی کے بعد کیا جانا چاہیئے۔ ماہ صیام پر بات کرتے ہوئے پروفیسر ساجد میر نے واضح کیا کہ اللہ تعالیٰ کے ودیعت کئے گئے 2 پروگراموں نماز اور رمضان سے بہتر اور کوئی عملی تدبیر نہیں ہے۔ انہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ اس مبارک مہینے میں صبر اور تقویٰ کے اطوار اپنائیں۔ قبل ازیں محمد یوسف پسروری نے پنجابی میں اپنے دلکش خطاب میں تاریخ اسلامی کے مختلف حوالوں سے دین کے محاسن اور استغفار کے فوائد پر گفتگو کی۔ عبدالمالک مجاہد نے مارچ میں لاہور میں منعقدہ ہونے والی عالمی اہلحدیث کانفرنس کو انتہائی کامیاب قرار دیا اور واضح کیا کہ اس کے ذریعے امت مسلمہ کو دعوت اتحاد دی گئی تھی۔ مسلم لیگ (ن) الریاض کے صدر خالد اکرم رانا نے پروفیسر ساجد میر کو خوش آمدید کہا اور ان کی دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہم ان کی گفتگو سے اکثر فیض یاب ہوتے رہتے ہیں ۔ پروگرام کے آغاز میں دینی ٹی وی چینل پیغام پر وڈیو فلم دکھائی گئی تقریب کی نظامت فیصل علوی نے کی جبکہ اس کا آغاز حافظ ریان عبدالوحید نے تلاوت قرآن مجید کی سعادت حاصل کی، جبکہ عبدالغفار مجاہدنے نظم پڑھی۔

Facebook Comments