سعودی عرب میں خواتین کی معروف سماجی اور فلاحی تنظیم  ہمنوا لیڈیز کلب کے زیراہتمام استقبال رمضان المبارک کے سلسلے میں ایک تقریب کا اہتمام

الریاض ۔ دنیا بھر میں مسلمان کسی اسلامی ملک میں رہتے ہوں یا کسی غیر اسلامی ملک لیکن اپنے اپنے انداز میں رمضان المبارک کا استقبال کرتے ہیں۔سعودی عرب میں خواتین کی معروف سماجی اور فلاحی تنظیم  ہمنوا لیڈیز کلب کے زیراہتمام استقبال رمضان المبارک کے سلسلے میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کا مقصد لوگوں کو ماہ مبارک کی آمد سے پہلے اس کی فضیلت، اس کے مقصد اور اس کے پیغام کو لوگوں کے ذہن میں تازہ کرنا تھا تاکہ اس کی برکات سے وہ بھرپور فائدہ اٹھا سکیں، تقریب میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہمنوا لیڈیز کلب کی صدر بلقیس صفدر کا کہنا تھا، اپنے سارے گناہوں سے سچی توبہ کریں، واجبات و مستحبات کی ادائیگی اور منہیات و مکروہات سے اجتناب کرنے کا خود کو عادی بنائیں۔ ہمنوا لیڈیز کلب کی جنرل سیکرٹری شمائلہ شہباز نے کہا کہ آج آپ سب یہ عزم کرلیں کہ آپ اپنی زبان کی حفاظت کریں گے، بدکلامی اور چغل خوری سے دور رہیں گے، نیکی اور بھلائی کے کاموں میں پیش پیش رہیں گے اور کسی انسان کو ایذا نہ پہنچائیں گے. اور اگر کسی سے ناراضگی ہے تو اسے معاف کر دیں گے۔ اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے ہمیں رمضان المبارک کی برکات کو سمیٹنے کی توفیق عطا فرما۔ آمین۔ انہوں نے کہا ہمنوا نے نفرتوں کو محبتوں سے بدلنے کا جو مشن شروع کیا ہے یہ اس کی طرف ایک اور قدم ہے۔ تقریب کی مہمان خصوصی محترمہ سعدیہ عمر   نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمنوا لیڈیز کلب کی اس کاوش کو دیکھ کر دلی سکون  ہوا ہے۔  یقینا اس دور کی بہت بڑی اور قابل قدر خدمت لوگوں کو دین کی آگاہی دینا ہے مہمان خصوصی  نے کہا ہمنوا لیڈیز کلب دیار غیر میں جس طرح پاکستانی خواتین کی خدمت میں مصروف عمل ہے ان کا یہ عمل انتہائی قابل ستائش ہے محفل میں لوگوں کو بہت خوبصورت انداز میں اسلامی روایات سے روشناس کرایا گیا  اور بہت خوبصورت بیان رمضان المبارک پر دیا گیا۔ عظمی نے اپنی خوبصورت آواز میں ثناء خوانی پیش کی ہمنوا نے سینکڑوں ضرورت مند لوگوں کے لئے رمضان المبارک میں ان کے راشن کا بھی بندوبست کیا۔شمایلہ شہباز نے بتایا کہ اس کے ساتھ ساتھ ہمنوا نے پاکستان میں غریب   لوگوں  کے لئے کپڑوں کے کاٹن بھیجنے  انتظام کیا جو کہ انکا عید کا مزا دوبالا کر دیں گے۔   آخر میں حاضرین میں کھجوروں کے پیکٹ تحفے میں دیے گئے ۔

Facebook Comments