نیب ریفرنسز یکجا کرنیکا معاملہ : نوازشریف کی درخواست بحالی اپیل مسترد

اسلام آباد (سرزمین نیوز) نواز شریف خاندان کی جانب سے عائشہ حامد ایڈووکیٹ پیش ہوئیں ، سابق وزیراعظم نے تین نیب ریفرنسز کو یکجا کرنے کی درخواست دائر کی تھی ۔ درخواست پر رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے اعتراضات عائد کیے تھے جس پر چمبر اپیل دائر کی گئی ۔ چیف جسٹس نے چیمبر اپیل خارج کر کے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کو برقرار رکھا ۔ نواز شریف نے چیمبر اپیل خارج کرنے کے فیصلہ کو آئینی درخواست سے چیلنج کیا تھا ۔ آئینی درخواست پر رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کئے تھے ۔ دوسری آئینی درخواست پر اعتراضات کیخلاف پھر چیمبر اپیل دائر کی گئی جسے مسترد کر دیا گیا۔

ادھر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر اعظم ان کی بیٹی اور داماد کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں مسترد کرنے کا حکم نامہ جاری کیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ اہلیہ کی بیماری کو ملزم کی عدالت حاضری سے استثنیٰ کا جواز نہیں بنایا جا سکتا ۔ وڈیولنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرنے کے موقع پر لندن جا کر اٹارنی مقرر کرنے کا جواز بھی قابل تسلیم نہیں ۔ عدالتی حکم نامے کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں کلثوم نواز کی کیمو تھراپی کے 6 سائیکلز مکمل ہو گئے ہیں ۔ مریضہ کی بیماری پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے ، کینسر کے رسک کو کم کرنے اور مستقبل میں علاج کے لیے ریڈیو تھراپی کی تجویز دی گئی ہے۔

Facebook Comments